بیدر میں ہر ماہ راشن عدالت کا اہتمام

ضلع پنچایت کے اجلاس سے ڈاکٹر رمن ریڈی کا خطاب

بیدر /2 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع بیدر میں 1,21,943 راشن کارڈس کے لئے درخواستیں داخل کی گئی تھیں، جن میں 9774 درخواستوں کو مسترد کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ فوڈگ سکریٹری نے ضلع پنچایت آفس کے اجلاس میں یہ بات بتائی۔ ڈاکٹر رمن ریڈی نے بتایا کہ بی پی ایل اور اے پی ایل راشن کارڈس کی اجرائی کے لئے گزشتہ سال ماہ مئی سے اب تک تقریباً 12 ہزار راشن کارڈس جاری کئے گئے ہیں، جب کہ 18,061 راشن کارڈس پوری طرح تیار ہیں۔ کسی بھی شخص کی جانب سے دی گئی ایک سے زائد درخواستوں کو خارج کردیا گیا ہے۔ یکم مارچ سے گیس کے تیل کو ’’تیل گیارنٹی اسکیم‘‘ کے تحت سبھی گرام پنچایتوں کے ذریعہ جاری کیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ ہر ماہ کی 7 تاریخ کو راشن عدالت کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا، جس میں راشن کارڈ گیرندے اپنی شکایات درج کرواکر اپنے مسائل حل کرواسکتے ہیں۔ ضلع میں کچھ اسکولس اور آنگن واڑی عمارتوں کا تعمیری کام مکمل ہوچکا ہے، ان کے گتہ داروں کو ہنوز کام کا معاوضہ نہیں دیا گیا ہے۔ یہ مسئلہ ڈاکٹر پی سی جعفر ڈپٹی کمشنر بیدر نے اٹھایا، جس کا جواب دیتے ہوئے متعلقہ عہدہ داروں نے بتایا کہ ان گتہ داروں کا بل فوری طورپر ادا کردیا جائے گا۔