بیدر میں ضمنی انتخابات پرچہ نامزدگی کے آخری دن زبردست گہما گہمی مختلف جماعتوں کے امیدواروں کاحامیوں کے ساتھ مظاہرہ

 

بیدر۔27؍جنوری۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔حلقہ اسمبلی بیدر (شمال) کے ضمنی انتخابات کی آج پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی، پرچہ نامزدگی  داخل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں اور آزاد اُمیدواروں نے زبردست جلوس و آتشبازی کے مظاہروں کے ساتھ اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ دفتر ڈپٹی کمشنر بیدر پہنچ کر پرچہ نامزدگیاں داخل کیں۔کانگریس کے نوجوان قائد جناب محمد رحیم خان سابق رکن اسمبلی  بیدر نے بحیثیت  کانگریس اُمیدوار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔اس موقع پر بھالکی کے رکن اسمبلی مسٹر ایشور کھنڈرے ‘گُلبرگہ جنوب کے رکن اسمبلی ڈاکٹر اجئے سنگھ‘وجئے سنگھ رکن قانون ساز کونسل ‘مسٹر بی نارائین رائو‘عبدالمنان سیٹھ‘ اور پارٹی کے دیگر قائدین کے علاوہ کارکنان و بلا لحاظ مذہب و ملت بہی خواہوں کی کثیر تعداد موجودو تھی ۔ جناب محمد ایاز خان نے بحیثیت جنتادل(ایس) اُمیدوار ایک زبردست جلوس کی شکل میں بیدر کے ریڈ ہلز سے نکل کر فتح دروازہ ‘چوبارہ ‘گاوان چوک‘ شاہ گنج اور امبیڈکر سرکل سے ہوتا ہوا ڈپٹی کمشنر آفس پہنچا۔جلوس کے دوران ان کے حامیوں نے زبردست آتشبازی اورنعرہ بازی کی گئی ۔جناب محمد ایاز خان نے حلقہ اسمبلی بیدر کے ضمنی انتخابات کے ریٹر ننگ آفیسر کو اپنا پرچہ نامزدگی پیش کیا۔ اس موقع پر مسٹر بنڈپا قاسم پور سابق ریاستی وزیر‘ جناب نسیم الدین، این پٹیل صدر بیدر ضلع جنتادل (ایس)‘ جنتادل(ایس) کے قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔اس طرح بی جے پی کے اُمیدوار کی حیثیت سے مسٹر پرکاش کھنڈرے سابق رکن اسمبلی بھالکی نے گنیش میدان میں  ایک بڑے انتخابی جلسہ کے بعد اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔اس موقع پر جگدیش شٹار‘ایشورپا‘ بھگونت رائو کھوبا رکن پارلیمنٹ بیدر‘رائوف الدین کچہری والے‘اور بی جے پی کے قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔محمد قیام الدین کے علاوہ آزاد اُمیدواروں اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے  کامیاب ہونے کاارادہ ظاہر کیا۔اس طرح سیاسی سرگرمیوں کا تیزی کے ساتھ آغاز ہوچکا ہے۔قائدین اپنے اپنے پارٹی اُمیدواروں کو کامیاب کرنے کی مہم میں مصروف ہوچکے ہیں ۔