بیدر /3 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس پی بیدر کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے بموجب شہر بیدر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں غیر قانونی طورپر زمینات پر قبضہ کرنے کے واقعات میں ملوث روی سوامی ولد کلپا سوامی سابق رکن بلدیہ ساکن بیدر اور ریاض الدین عرف ریاض ولد محمد ضمیر الدین ساکن پنسال تعلیم بیدر رکن بلدیہ بیدر کو غنڈہ ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بیدر نے ان دونوں کے خلاف غنڈہ ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی اور انھیں سنٹرل جیل بنگلور بھیج دیا۔ ایس پی بیدر نے انتباہ دیا ہے کہ ضلع میں غیر قانونی سرگرمیاں مثلاً غیر قانونی سرگرمیوں، زمینات پر ناجائز قبضوں، مٹکہ اور بھٹی کی شراب فروخت کرنے جیسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایس پی کے بموجب شہر بیدر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں روی سوامی کے خلاف 6 اور ریاض الدین کے خلاف 13 مقدمات درج ہیں۔