بیدر میںپسماندہ تعلقہ جات میں نئی صنعتوں کا فروغ

بیدر ۔ 9 ۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیراعلی سدرامیا نے کہا کہ 2014 – 19 تک نئی صنعتی پالیسی کے تحت پسماندہ تعلقہ جات میں نئی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی طور پر حیدرآباد ۔ کرناٹک علاقوں میں صنعتوں کو فروغ دینے پر حکومت فکر مند ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست کے سوکھا زدہ اور قحط سالی کا سامنا کررہے اضلاع میں بھی صنعتوں کاآغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتوں کو شروع کرنے اسٹامپ ڈیوٹی ، رجسٹریشن فیس میں رعایت دینے کے علاوہ سرمایہ کاری کرنے پر سرمایہ کاروں کو زمینات ، بجلی ، پانی ، سڑک سمیت دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ وزیراعلی نے کہا کہ بنگلور سمیت دیگر شہروں میں کوڑا کرکٹ کی نکاسی کے کام انجام دینے کیلئے آگے آنے والے سرمایہ کاروں کو سالڈویسٹ پروسیسنگ یونٹ کے قیام کیلئے حکومت ٹیکس فری دینے کے علاوہ مشنریز کی خریدی کیلئے سبسیڈی کی رقم بھی ادا کرے گی ۔ انہو ںنے کہا کہ پسماندہ تعلقہ جات میں ڈھائی سو کروڑ کی سرمایہ کاری لگانے والے سرمایہ کاروں کو بڑی صنعتوں کیلئے دی جانے والی خصوصی پیکج کے طرز پر کئی رعایت دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں بڑے، درمیانی اور چھوٹی جملہ 4046 صنعتوں کا قیام اگلے 5 برسوں میں عمل میں آنے والا ہے ۔ ان میں 126 غیرملکی کمپنیاں بھی شامل ہیں ان صنعتوں کیلئے جملہ 42,728 کروڑ کی سرمایہ کاری لگائی جائے گی جس سے دو کروڑ 7 لاکھ 51 ہزار بے روزگار افراد کو روزگار ملے گا ۔