بیدر حلقہ پارلیمنٹ کے کانگریسی امیدوار دھرم سنگھ کی مقبولیت

سینکڑوں نوجوانوں کی کانگریس میں شمولیت

گلبرگہ ۔/6اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حلقہ پارلیمنٹ بیدر کے کانگریس امیدوار سابق چیف منسٹر کرناٹک مسٹر این دھرم سنگھ کی مقبولیت میں ان دنوں اور بھی اضافہ ہورہا ہے خصوصیت کے ساتھ اقلیتی طبقات کے ساتھ مسٹر دھرم سنگھ کی جو ملاقاتیں ہوئیں اور ان ملاقاتوں میں ان کے جونمایاں کارنامے سامنے آئے ان کو دیکھتے ہوئے بے شمار نوجوان کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور انتخابی مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارجناب سید حیدر پاشاہ قادری ریاستی جائینٹ کنوینر اقلیت ڈپارٹمنٹ کانگریس نے حلقہ پارلیمنٹ بیدر کے 8حلقہ جات اسمبلی کے اپنے انتخابی دورہ کے بعد بیدر میں صحیفہ نگاران سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر این دھرم سنگھ نے اقلیتوں کے لئے بیدر میں مولانا ابو الکلام آزاد یونیورسٹی کا سٹیلائیٹ سنٹرقائم کروایا۔ حلقہ اسمبلی بیدر اور بیدر جنوب میں اردو زبان میں فہرست رائے دہندگان کی اشاعت، نو آباد اور محمد آباد آٹو نگر میں GFCکی منظوری کے علاوہ بیدری دستکاری،بسواکلیان میں آٹو موبائیل تولس، ریڈی میڈ کلاتھس اور زردوزی کے لئے سی ایف سی منظوری کے لئے بھرپور نمائدندگی کی۔ بنگلور کے لئے اضافی ٹرین چلانے، حیدر آباد بیدر انٹر سٹی ٹرین،،جدید سرکاری دواخانہ میں 400بستروں کی جگہ 800بستروں کا انتظام یہ سب انھوں نے شہریان کی سہولت کے لئے کیا ہے۔ انھوں نے مسٹر دھرم سنگھ کی مختلف ترقیاتی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئیکہا کہ نریندر مودی جیسا شخص اگر وزیر اعظم بن گیا تو ہمیں ڈر ہے کہ اس سے جمہوریت کا خاتمہ ہوجائیگا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمانی انتخابات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔حلقہ پارلیمنٹ بیدر کے 8 اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حلقہ پارلیمینٹ بیدر سے کانگریسی امیدوار دھرم سنگھ بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب ہوجائیں گے۔