بیدر۔ 4 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بیدر اُتسو کے دوسرے دن 2 فروری کو تاریخی مدرسہ محمود گاوں میں عظیم الشان کل ہند مشاعرہ منعقد ہوا جس میں عالمی شہرت یافتہ ملک کے نامور شعراء نے شرکت کی۔ ابتداء میں جناب دھرم سنگھ خود کے عثمانین ہونے پر فخر محسوس کرنے والے سابق وزیر اعلیٰ کرناٹک و مایہ ناز فرزند اردو نے شمع روشن کرکے مشاعرہ کا افتتاح کیا۔ مہمان شاعر سردار ایاغ نے سب سے پہلے نعت پیش کی۔ میزبان شعراء عبدالمقتدر تاج، ڈاکٹر عبدالوحید بہار اور لطیف خلش کے علاوہ ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر سنیل پٹوار نے اپنا کلام پیش کیا۔ مہمان شعراء راحت اندوری، وسیم اختر، اقبال اشہر، شبینہ ادیب، گلزار دہلوی، مظفر حنفی ، ندا فاضلی، حنا تیموری، سہیل لکھنوی اور حبیب ہاشمی کے کلام کو بار بار سنا گیا۔ سردار ایاغ نے بنگلور کی نمائندگی درج کرائی۔ جاوید مشیری کے کلام کو بھی پسند کیا گیا۔ جناب گلزار دہلوی کی زیرصدارت اقبال اشہر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ کل ہند مشاعرہ کیلئے شہر میں ٹریفک کے راستوں کو موڑ دیا گیا تھا۔ ہزاروں افراد نے جن میں غیرمسلم اردو داں حضرات کی خاصی تعداد موجود تھی۔ شریک مشاعرہ ہی صدر مشاعرہ کمیٹی سنیل پٹوار کی زیرصدارت اور ڈپٹی کمشنر جناب پی سی جعفر کی زیرنگرانی مشاعرہ کمیٹی کے ارکان مسرس قیصر رحمن، پروفیسر دیویندر کمل، شاہ اسلم قادری، عبدالقدیر شاہین، رؤف الدین کچہری والے اور جناب رحیم یوسف بیدری نے مشاعرہ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مستقر بیدر کے علاوہ تعلقہ جات بیدر، بیدر ساؤتھ، بھالکی، اوداد، ہمناباد، بسواکلیان، منا اکھیلی، چٹگوپہ، ظہیرآباد، نارائن کھیڑ، آندھرا اور مہاراشٹرا کے سرحدی علاقوں کے سینکڑوں اُردو شیدائیوں نے شدید سردی کے باوجود مشاعرہ موجود رہے۔ کچھ مقامات پر سامعین کو مشاعرہ کے مشاہدہ کی خاطر بڑے اسکرین لگائے گئے تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پی سی جعفر نے ضلع بیدر کے شعراء کا منتخبہ نعتیہ کلام مع تجزیہ کی رسم اجراء انجام دی جو جناب یوسف رحیم بیدر کا ترتیب و تالیف شدہ ہے۔ مسرسم قاضی ارشد علی صدر ضلع کانگریس کمیٹی، محمد نسیم الدین پٹیل صدر ضلع جنتا دل (ایس)، رمیش جادھو رکن اسمبلی چنچولی، ایشور کھنڈرے رکن اسمبلی بھالکی، نرسنگ راؤ سوریہ ونشی سابق ایم پی، ماروتی راؤ مولے سابق ایم ایل اے، سید لطیف الدین قادری صدر قاضی بیدر و ظہیرآباد، بی نارائن رکن پردیش کانگریس کمیٹی، وارث علی سابق صدر بسواکلیان ڈیولپمنٹ اتھاریٹی، بشیرالدین نائب صدر ضلع کانگریس بیدر، ماجد شمیم پٹیل صدر ضلع وقف کمیٹی، محمد رحیم خاں سابق رکن اسمبلی بیدر، مرلیدھر ریکلار سابق صدر بیدر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی، سعادت حسین استاد گلبرگہ، شیبو شرنپا والی جرنلسٹ، سعیدالحسن قادری صدر اردو جرنلسٹ یونین ضلع بیدر وغیرہ نے مشاعرہ میں شرکت کی۔ مسٹر سدھیر کمار ریڈی سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر امن و ضبط اور ٹریفک کا معقول بندوبست کیا گیا تھا۔ جناب یوسف رحیم بیدری کے شکریہ پر مشاعرہ کی مثالی تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔