حیدرآباد۔/10ستمبر، ( سیاست نیوز) بہن کی موت کے غم میں ایک شخص نے بہنوئی کا گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ یہ واقعہ ایل بی نگر پولیس حدود میں پیش آیا جہاں منا نامی شخص نے بابو میاں نامی اپنے بہنوئی کا گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ منا آج صبح حالت نیند میں تھا کہ اس کی بھانجی نے والدہ کی موت کی اطلاع دی جس پر برہم منا نے باورچی خانہ سے چاقو لیکر اپنے بہنوئی کا گلا کاٹ دیا اور راہ فرار اختیار کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق 38سالہ سلیمہ بیگم جو 40سالہ محمد بابو میاں کی بیوی تھی ، اس خاتون نے رات دیر گئے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ صبح جب بابو میاں نے اپنی بیوی کو پھانسی پر لٹکا ہوا پایا تو اس نے رشتہ داروں کو فون کرنا شروع کردیا۔ اس دوران سلیمہ بیگم کی بڑی لڑکی جو نیند سے بیدار ہوئی اور پڑوس میں واقع اپنے ماما کے مکان پہونچی اور منا کو گھر کی تفصیلات بیان کی جس پر برہم منا نے باورچی خانہ سے چاقو لیکر اپنی بہن کے مکان کا رُخ کیا اور بہنوئی بابو میاں کے سینہ پر وار کیا اور چاقو سے گلا کاٹ کر اس کا قتل کردیا۔ منا کی عمر 34سال بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بابو میاں اور سلیمہ بیگم کی شادی 18سال قبل ہوئی تھی اور ان کی تین لڑکیاں ہیں۔ بابو میاں گزشتہ چند دنوں سے اپنی بیوی کو پریشان کررہا تھا اور زائد جہیز کیلئے اس خاتون کو پریشان کررہا تھا۔ انسپکٹر ایل بی نگر سرینواس نے بتایا کہ سلیمہ بیگم کی خودکشی اور بابو میاں کے قتل کے علحدہ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔