حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بے سہارا بہن کو سہارا دینا ایک شخص کی بیوی کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ جہاں مکان میں نند کی موجودگی سے دلبرداشتہ خاتون نے خودکشی کرلی۔ گچی باؤلی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ مونیکا جو کنڈاپور علاقہ کے ساکن شخص چندراموہن کی بیوی تھی اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ مونیکا شوہر کی بہن اور اس کے بھانجہ کی مکان میں موجودگی سے پریشان اور شوہر پر دباؤ ڈال رہی تھی کہ وہ اس کی بہن اور بھانجہ کو مکان سے نکال دے کہیں اور انتظام کرے۔ اس بات پر شوہر راضی نہیں تھا اور بیوی کو منانے کی کوشش میں تھا اور وقت کو ٹالنے کیلئے طرح طرح کے بہانے بنارہا تھا تاکہ وقت کے ساتھ اس کی بیوی کی ذہنیت بھی بدل جائے لیکن مونیکا اس بات سے دلبرداشتہ ہوگئی اور اس نے خودکشی کرلی۔ پولیس گچی باؤلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔