بہنوئی کا قاتل برادر نسبتی گرفتار، مہلک ہتھیار ضبط، ملزمین جیل منتقل

حیدرآباد۔/19فبروری، ( سیاست نیوز) کالا پتھر پولیس نے بہنوئی کا قتل کرنے والے برادران نسبتی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مہلک ہتھیار برآمد کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار ڈیویژن مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ محمد علی کا 15فبروری کو رات دیر گئے اس کے برادران نسبتی محمد احمد اور محمد رحمت نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے مبینہ طور پر بہیمانہ طور پر قتل کردیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول نے چھ ماہ قبل 25سالہ رفیعہ سلطانہ سے تیسری شادی کی تھی جبکہ اسے پہلے سے مبینہ طور پر دو بیویاں اور پانچ بچے موجود ہیں۔ اس رشتہ سے رفیعہ کے دونوں بھائی ناراض تھے چونکہ شادی سے قبل رفیعہ نے مبینہ طور پر محمد علی کے ساتھ فرار ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں اس کے دونوں بھائی احمد اور رحمت برہم تھے جس کے سبب رفیعہ اور محمد علی ورنگل میں مقیم تھے۔ دونوں بھائیوں نے رفیعہ کو فون پر یہ بتایا کہ انہوں نے اس رشتہ کو قبول کرلیا ہے اور انہیں دعوت پر اپنے مکان واقع بشارت نگر کالا پتھر پر مدعو کیا یہ سن کر میاں بیوی وہاں پہنچے تھے کہ محمد احمد نے محمد علی پر اچانک چاقو سے حملہ کردیا اور زخمی حالت میں اس کا اغوا کرکے میرعالم ٹینک لے جاکر چاقووں سے حملہ کرکے اسے ہلاک کردیا۔ حملہ کرنے والے دونوں بھائیوں کی محمد ایاز ساکن تیگل کنٹہ دکن بیکری نے مدد کی تھی۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے مہلک ہتھیار برآمد کرلئے اور انہیں آج عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔