بہار کے کاشتکاروں کو بلاسودی قرض کا بی جے پی کا تیقن

پٹنہ۔/2جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے کاشتکاروں کو ترغیب دینے کے مقصد سے بی جے پی نے آج اعلان کیا کہ وہ بلاسودی قرض زرعی شعبہ کیلئے فراہم کرے گی اگر متعلقہ کاشتکار کو برقی توانائی کی قلت ہونے کی وجہ سے نقصان ہوا ہو۔ آئندہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں برسراقتدار آنے کی صورت میں کاشتکاروں کو بلا سودی قرض فراہم کرنے کا بی جے پی نے تیقن دیا ہے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر سوشیل کمار مودی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم اعلان کرنا چاہتے ہیں کہ ریاستی کاشتکاروں کو زرعی شعبہ کیلئے بلاسودی قرض فراہم کیا جائے گابشرطیکہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد بہار میں برسراقتدار آجائے تاہم انہوں نے کہا کہ ایسے قرضہ جات صرف ان کاشتکاروں کو دیئے جائیں گے جو قبل ازیں قرض کی ادائیگی سے قاصر رہنے کے قصور وار نہ ہوں اور اپنے قرضوں کی قسطیں بروقت ادا کریں۔ فی الحال بہار کے کاشتکار 4فیصد سود قرضوں پر ادا کررہے ہیں جو زرعی مقاصد کیلئے حاصل کئے گئے ہیں۔بی جے پی قائد نے کہا کہ ایسے تمام قرضہ جات یقینی طور پر بلاسودی ہوں گے تاکہ زرعی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے اور ریاست کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔سوشیل کمار مودی نے کہا کہ بی جے پی اپنے انتخابی منشور میں اس اعلان کو شامل کرے گی جبکہ جاریہ سال کے اواخر میں ریاستی اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ چند بی جے پی زیر اقتدار ریاستیں بشمول چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں مبینہ طور پرپہلے ہی یہ اقدام کیا جاچکا ہے۔ نتیش کمار زیر قیادت جے ڈی ( یو ) حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ یہ کاشتکار دشمن حکومت ہے۔