بہار کے وزیرعبدالغفور کی برطرفی کیلئے بی جے پی کا مطالبہ

جیل میں محمد شہاب الدین سے ملاقات کیخلاف اسمبلی میں احتجاج
پٹنہ ۔ 29 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج بہار اسمبلی میں زبردست ہنگامہ کرتے ہوئے شوروغل مچایا ۔ اس نے ریاستی وزیر عبدالغفور کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا جنھوں نے 8 مارچ کو سیوان کی جیل کا دورہ کرتے ہوئے آر جے ڈی کے محروس مضبوط لیڈر مرد آہن محمد شہاب الدین سے ملاقات کی تھی ۔ اس ملاقات کے خلاف اسمبلی میں احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی ارکان نے نعرے لگائے ۔ بہار اسمبلی کی کارروائی کے دوران جیسے ہی وقفہ صفر کا آغاز ہوا اپوزیشن لیڈر پریم کمار نے اسپیکر وجئے کمار چودھری کی توجہ اس مسئلہ کی جانب مبذول کرائی اور عبدالغفور کی برطرفی کا مطالبہ کیا اور کہاکہ ایک اقلیتی بہبود کے وزیر کی یہ حرکت غیرمناسب ہے ۔ جب اسپیکر نے اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دی تو بی جے پی کے تمام ارکان اسمبلی ماسوا کمار اور نندکشور یادو ایوان کے وسط میں پہونچ کر وزیر کے خلاف انعرے لگائے ااور اس عظیم اتحاد کی حکومت کی کارکردگی کے خلاف احتجاج کیا ۔ تاہم اسپیکر نے وقفہ صفر کی کارروائی کو جاری رکھا اور بی جے پی کے ارکان تقریباً نصف گھنٹہ نعرہ بازی کی جس کے بعد ایوان کی کارروائی کو 2 بجے دن تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔