بہار کے رائے دہندگان میں ملبوسات کی تقسیم

بی جے پی کے خلاف ا لیکشن کمیشن سے شکایت

نئی دہلی ۔ 27 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنتا پریوار اور کانگریس کے ایک وفد نے آج الیکشن کمیشن سے ملاقات کر کے بی جے پی لیڈروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ جنہوں نے بہار میں ا سمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹروں کو رجھانے کیلئے ساڑیاں اور دیگر ملبوسات تقسیم کئے ہیں۔ جنتا دل متحدہ کے صدر شرد یادو کی زیر قیادت وفد میں جے ڈی یو ، آر جے ڈی ، این سی پی ، کانگریس اور آر ایل ڈی کے قائدین شامل تھے، مبینہ اشیاء کی تقسیم کو ننگی رشوت سے تعبیر کیا اور کہا کہ اگر اسے نہیں روکا گیا تو ملک کے جمہوری اقدار سے سمجھوتہ کے مترادف ہوگا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر شرد یادو نے یہ ادعا کیا کہ سورت (گجرات) کے تاجرین ساڑیاں اور دیگر ملبوسات جس پر وزیراعظم نریندر کی تصاویر ہیں، بہار کے ووٹروں میں تقسیم کر رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی سے ملاقات کے بعد مسٹر یادو نے بتایا کہ اس خصوص میں انہیں ثبوت بھی پیش کردیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر جنتا دل متحدہ لیڈر نے ڈریس میٹریل سے بھرا ہوا ایک بیاگ بھی میڈیا کو بتایا جس پر مودی کی تصویر چھاپی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن نے اس شکایت کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ہے۔