بہار میں کانگریس کا چنتن شیور کا آغاز

پٹنہ ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : بہار میں جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے آج سے 4 روزہ چنتن شیور ( کیمپ ) کا آغاز دیا ہے تاکہ پارٹی میں گروہ واریت پر قابو پانے اور عوام میں مقبولیت حاصل کرنے کی کوشش کی جاسکے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور بہار میں پارٹی انچارج مسٹر سی پی جوشی کی زیر نگرانی ریاستی پارٹی ہیڈکوارٹر صداقت آشرم میں یہ چنتن شیور منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس کے دوران مسٹر سی پی جوشی پارٹی میں گروپ ازم پر قابو پانے اور بنیادی سطح پر پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے تبادلہ خیال کریں گے ۔ تاہم انہوں نے پارٹی میں بڑھتے ہوئے گروپ ازم کو مسترد کردیا اور کہا کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے ۔ کانگریس مقننہ پارٹی لیڈر سدانند سنگھ جن کے صدر پردیش کانگریس اشوک چودھری کے ساتھ شدید اختلافات پائے جاتے ہیں کہا ہے کہ پارٹی میں اتحاد کے لیے باہمی اختلافات کو فراموش کردینے کی ضرورت ہے ۔ کیمپ میں چودھری ، سدانندا سنگھ ، سابق مرکزی وزیر اکھلیش سنگھ شریک ہیں ۔ حال ہی میں کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے بہار پردیش قائدین سے ملاقات کر کے پارٹی کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی تھی ۔ توقع ہے کہ اس کیمپ میں قدیم جنتا پریوار کی جماعتوں آر جے ڈی اور جے ڈیو کے انضمام کی صورت میں کانگریس کے رول پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ بہار میں جتن رام مانجھی حکومت کی کانگریس باہر سے تائید کررہی ہے اور گذشتہ سال 10 اسمبلی نشستوں کے لیے منعقدہ ضمنی انتخابات میں سیکولر محاذ کی ایک حلیف جماعت رہی ۔ تاہم کانگریس نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کے حق میں نتیش کمار کی مہم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔۔