بہار میں پولیس مغل شہنشاہ جہانگیر کے نقش قدم پر

دربھنگہ (بہار) ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغل شہنشاہ جہانگیر اپنے انصاف کیلئے بہت مشہور تھے، جس کیلئے انہوں نے اپنے محل کے باہر ایک گھنٹہ بھی نصب کروایا تھا۔ اگر کوئی مصیبت زدہ اس گھنٹے کو بجاتا تو اس کی فوری طھور پر داد رسانی کی جاتی تھی۔ بہرحال وہ زمانہ گذرے ہوئے اب صدیاں گذر گئیں لیکن دربھنگہ زون کے محکمہ پولیس نے بھی اسی نظرئیے پر عمل آوری کرتے ہوئے ایک اچھی شروعات کی ہے جہاں پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی رہائش گاہوں پر جہانگیری گھنٹے نصب کئے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی ضرورتمند اور مصیبت زدہ اس گھنٹے کو بجا کر فریاد کرسکے۔ دربھنگہ زون کے تمام 10 اضلاع میں انپسکٹر جنرل آف پولیس اروند پانڈے نے اس طریقہ کار کو متعارف کروایا ہے جسے جہانگیری گھنٹہ کہا جائے گا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر پانڈے نے کہا کہ انہوں نے یوم جمہوریہ کے مبارک موقع پر اپنی رہائش گاہ پر ایک بڑی سائز کا گھنٹہ، جس کے نیچے جہانگیری گھنٹہ کندہ کیا ہوا ہے، نصب کروایا ہے۔ یہ کال بیل دوسری کال بیلس سے مختلف ہے اور شاید اس فرق کو واضح کرنے کیلئے اس کے نیچے جہانگیری گھنٹہ کندہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی کے عہدہ سے لیکر انسپکٹر کے عہدہ تک تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہیکہ وہ اپنی رہائش گاہوں پر اس نوعیت کے جہانگیری گھنٹے نصب کروالیں۔ دربھنگہ پولیس زون کے تحت آنے والے 10 اضلاع اس طرح ہیں دربھنگہ، مدھوبنی، سمستی پور، پورنیہ، کٹیہار، کشن گنج، ارایہ، سپوال، مادھیپورہ اور سہرسا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعہ ہم مصیبت زدہ افراد کی ہمہ وقت مدد کریں گے چاہے وہ دن ہو یا رات۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیری گھنٹہ نصب کرنے کے احکامات پر عمل آوری نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔