بہار میں پولنگ کے دوران مودی کا دورہ جھار کھنڈ

پٹنہ۔/21اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ بہار جتیندر رام مانجھی نے بہار کی دس اسمبلی نشستوں کیلئے جاری ضمنی انتخابات کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جھار کھنڈ پر سوال اٹھایا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مانجھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پڑوسی ریاست جھار کھنڈ میں کئی پراجکٹس کا افتتاح کرتے ہوئے تقاریر بھی کررہے ہیں اور وہ بھی ایک ایسے وقت جب بہار میں 10اسمبلی نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات کیلئے رائے دہی جاری ہے۔ لہذا مودی کے دورہ جھارکھنڈ سے ضمنی انتخابات میں رائے دہی پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ مانجھی نے الیکشن کمیشن کی توجہ اس جانب مبذول کروائی۔ انہوں نے کہا کہ اب ’’ مودی کا جادو ‘‘ دم توڑ رہا ہے۔ بی جے پی نے پارلیمانی انتخابات میں جھوٹے وعدوں اور ذات پات کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی لیکن مستقبل میں مودی کا جادوچلنے والا نہیں ہے کیونکہ عوام کو حقائق کا علم ہوگیا ہے۔ بہار کی عوام کے ساتھ بی جے پی ایک بار پھر کھلواڑ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگی۔