بہار میں مرکزی وزراء چیف منسٹرمانجھی کا انتباہ

پٹنہ ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اپنے متنازعہ ریمارکس کے لیے مشہور چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے آج پھر ایکبار مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور یہ الزام عائد کیا کہ مرکز بہار کے مفادات کو یکسر نظر انداز کررہا ہے اور یہ انتباہ دیا کہ بہار سے تعلق رکھنے والے 7 وزراء کو ریاست میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ اگر وہ ، مرکز سے ریاست کے لیے خاطر خواہ امداد حاصل کرنے میں ناکام ہوجائیں اگرچیکہ چیف منسٹر کسی بھی وزیر کا نام نہیں لیا لیکن مرکزی حکومت میں بہار سے نمائندگی کرنے والوں میں رادھا موہن سنگھ ، روی شنکر پرساد ، رام ولاس پاسوان ( کابینی وزیر ) راجیو پرتاپ روڈی ( مملکتی وزیر آزادانہ چارج ) اوپیندر کشور ، رام کرپال یادو اور گری راج سنگھ (مملکتی وزراء ) شامل ہیں ۔ مسٹر مانجھی نے ازراہ مذاق کہا کہ ٹھوکر کھا کر مکھیہ منتری ( چیف منسٹر ) ہوگئے ۔ وہی ٹھوکر کھا کر پردھان منتری ( وزیر اعظم ) نہ ہوجائے ۔