پٹنہ ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل (یو) کے چار باغی ارکان اسمبلی کو آج بہار اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا۔ ان پر ریاست میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں پر حالیہ منعقدہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کے خلاف سرگرم رہنے کا الزام ہے۔ اسپیکر ادئے نارائن چودھری نے متعلقہ ارکان اسملی کو آج اپنے فیصلہ سے واقف کرایا۔ نااہل قرار دیئے گئے اِن ارکان اسمبلی میں شامل گینندر سنگھ گیانو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر کے فیصلہ کو غیر دستوری قرار دیا۔ جنتادل (یو) کے دو امیدواروں کو انتخابات میں آر جے ڈی اور کانگریس کی تائید کے باعث کامیابی ملی اور باغیوں کو شکست ہوئی تھی۔