پٹنہ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل یو میں بڑھتے بحران کو ختم کرنے کے لئے پارٹی صدر شرد یادو نے بند کمرہ کے اجلاس میں چیف منسٹر جتن رام مانجھی سے بات چیت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نتیش کمار اور چیف منسٹر جتن رام مانجھی کے حامیوں کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔
مانجھی اور ریاستی پارٹی سربراہ بسیتا نارائن سنگھ نے ریاستی گیسٹ ہاؤز میں نصف گھنٹے تک شرد یادو سے بات چیت کی۔ جب پوچھا گیا تو مانجھی نے بتایا کہ پارٹی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ شرد یادو نے کہاکہ اُنھوں نے بحران کو دور کرنے کی کوشش کی ہے لیکن نارائن سنگھ جنھوں نے سینئر لیڈر نتیش کمار کے مکان سے راست گیسٹ ہاؤز پہونچے تھے، یہ اعتراف کیا ہے کہ پارٹی میں صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔ بعض قائدین کی جانب سے دیئے جانے والے بیانات سے حالات ابتر ہورہے ہیں۔ پارٹی لیڈروں کے بیانات نے پارٹی کو دھکا پہونچایا ہے۔ جنتادل (یو) کے بحران سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حالات بگڑ جائیں گے۔
کیونکہ نتیش کمار کی حمایت کرنے والے ریاست کے 20 وزراء نے وزیر غذا شیام راجک کے مکان پر ڈنر ڈپلومیسی میں شرکت کی تھی۔ اس ڈنر ملاقات میں چیف منسٹر مانجھی کے خلاف اظہار خیال کیا گیا۔ موافق نتیش کمار وزراء اور پارٹی کے دیگر قائدین چاہتے ہیں کہ مانجھی کے بجائے دلت لیڈر شیام راجک کو چیف منسٹر بنایا جائے۔