بہار : این ڈی اے حلیفوں میں نشستوں کی تقیسم

بی جے پی و جے ڈی یو کو فی کس 17 اور ایل جے پی کو چھ نشستیں الاٹ
نئی دہلی ۔ /23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں لوک سبھا انتخابات کیلئے نشستوں کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے اتحادی پارٹیوں بی جے پی ، جنتادل یو اور ایل جے پی نے اتفاق رائے پیدا کیا ہے ۔ بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج اعلان کیا کہ ان کی پارٹی اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی جنتادل (یو) فی کس 17 نشستوں پر مقابلہ کریں گی جبکہ رام ولاس پاسوان کی زیرقیادت ایل جے پی کو 6 نشستیں دی گئی ہیں ۔ پاسوان کو جلد از جلد راجیہ سبھا کے لئے منتخب کیا جائے گا ۔ امیت شاہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار اور لوک جن شکتی پارٹی کے صدر پاسوان سے مختصرسی ملاقات کے بعد نشستوں کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پاسوان اس وقت مودی حکومت میں کابینی وزیر بھی ہیں ۔ امیت شاہ نے زور دے کر کہا کہ حکمراں نیشنل ڈیموکریٹک اتحاد (این ڈی اے ) زائد از 31 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا جیسا کہ اس نے 2014 ء میں کیا تھا ۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اب 2019 ء میں اس کی اعادہ کیا جائے گا ۔ ریاست بہار میں لوک سبھا کی 40 نشستیں ہیں ۔