بہار اسمبلی کے انتخابی نتائج۔ قومی سیاست پر اثرانداز

تحفظات اور دستور پر نظرثانی کا خطرہ لاحق،جنتا دل متحدہ قائدین کا انتباہ

پٹنہ ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں حکمراں جنتا دل متحدہ نے آج بی جے پی کے اس دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے کہ 2013 ء میں این ڈی اے سے علحدگی کے بعد نتیش کمار کی کارکردگی بگڑتے چلے گئی اور الزام عائد کیا کہ یہ پارٹی دوسروںکی شبیہہ بگاڑنے میں ماہر ہے ۔نتیش کمار کی پارٹی نے یہ بھی پیش قیاسی کی کہ بہار کے انتخابات میں کامیابی کی صورت میں این ڈی اے نہ صرف تحفظات پالیسی پر نظر ثانی کرے گی بلکہ مخالف کسان قوانین کو نافذ کرے گی۔ بی جے پی کا یہ خفیہ منصوبہ ہے کہ بہار کے انتخابات میں کامیابی کے ذریعہ راجیہ سبھا میں ا کثریت حاصل کی جائے تاکہ مخالف کسان اور مخالف لیبر قوانین کو بہ آسانی منظور کرائے جاسکیں۔ اگر کانگریس ۔ جے ڈی یو ۔ آر جے ڈی پر مشتمل عظیم اتحاد کو شکست ہوگئی تو ریزرویشن پالیسی پر این ڈی اے نظرثانی کرے گی ۔ جنتادل متحدہ کے جنرل سکریٹری مسٹر کے سی تیاگی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر بہار میں این ڈی اے کامیاب ہوگئی تو ریزرویشن کے ساتھ کانسٹی ٹیوشن (دستور) پربھی نظرثانی کریگی۔ انہوں نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان کا حوالہ دیا کہ ریزرویشن پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت ہے جس کو بی جے پی عملی شکل دینے کیلئے آمادہ نظر آرہی ہے گو کہ بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی نے آر ایس ایس سربراہ کے بیان سے اظہار لاتعلقی کرلیا ہے۔ تاہم مسٹر تیاگی اور پارٹی کے راجیہ سبھا رکن پون ورما نے راشٹریہ جنتال دل سربراہ لالو پرساد یادو کے اس تبصرہ سے اتفاق نہیں کیا کہ بہار کے انتخابات میں پسماندہ طبقات اور اعلیٰ ذاتوں کے درمیان مقابلہ آرائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں فرقہ وارانہ صف بندی کی کوشش پر الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری سے راہ فرار اختیار نہیں کرسکتا۔ دولت کے بہاؤ اور فرقہ وارانہ مسائل چھیڑنے سے بی جے پی کو باز رکھنے کیلئے الیکشن کمیشن کو سخت چوکسی اور اقدامات کرنی چاہئے ۔ انہوں نے بی جے پی کے اس دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے ۔ سال 2012-13 ء میں بہار کی معاشی ترقی کی شرح 15.05 فیصد تھی اور آئندہ مالیاتی سال تک 8.82 فیصد تک انحطاط پذیر ہوجائے گی ۔ اگرچیکہ شرح ترقی میں گراوٹ کی دیگر وجوہات میں لیکن حالیہ دیگر معاشی سروے میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی گھریلو پیداوار کے معاملہ میں بہار نے بہترین مظاہرہ کیا ہے۔