بہار اسمبلی میں بی جے پی کا ہنگامہ اے بی وی پی ورکرس کیلئے احتجاج

پٹنہ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) حکمراں جنتا دل یو اور اپوزیشن بی جے پی کے درمیان آج الزامات و جوابی الزامات دیکھے گئے ۔ بہار اسمبلی میں دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کے خلاف شور و غل کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔ ریاست میں تعلیمی نظام کے ابتر ہونے کے خلاف احتجاج کرنے والے اے بی وی پی ورکرس پر پولیس لاٹھی چارج کرنے کے خلاف بی جے پی نے احتجاج کیا۔ قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی والوں نے اے بی وی پی ورکرس پر لاٹھی چارج کو مسئلہ بناکر ہنگامہ کیا اور ایوان کے وسط میں پہونچ کر حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ حکومت کے سینئر وزیر اور جنتادل یو کے لیجسلیچر پارٹی لیڈر وجئے چودھری نے اس لاٹھی چارج کو حق بجانب قرار دیا اور کہا کہ احتجاجیوں نے سکیوریٹی فورسس کو مشتعل کردیا گیا جس کے نتیجہ میں یہ کارروائی کرنا پڑی ۔ چودھری نے اسپیکر اودے نارائن چودھری سے کہا کہ گورنر سیر ناتھ ترپاٹھی کی موجودگی میں اے بی وی پی کے کارکنوں کے احتجاج کی ویڈیو کلپنگ دکھائی جائیں دونوں ایوان کے ارکان کی موجودگی میں اس ویڈیو کو دیکھا جاناچاہئے جس کے بعد ہی درست اندازہ ہوگا کہ احتجاجیوں نے ایک خاتون پولیس عہدیدار کے ساتھ بد تمیزی کی تھی۔