بہار: آر جے ڈی لیڈر کو برسرعام گولی ماردی گئی ۔

بہار میں ایک بار پھر بے خوف بدمعاشوں کی دہشت دیکھنے کو ملی ہے۔ سمستی پور کے کلیان پور تھانہ علاقہ میں کچھ بدمعاشوں نے آر جے ڈی لیڈر رگھوور رائے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اس حملے میں سنگین طور سے زخمی آر جے ڈی لیڈر کو ڈی ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا تھا لیکن علاج کے دوران وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور انتقال کر گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سابق ضلع پریشد نائب صدر رگھوور رائے اپنے گھر سے صبح کی سیر کے لیے جا رہے تھے جب ان پر حملہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق کچھ بدمعاش رگھوور رائے کے گھر کے باہر ان کا انتظار کر رہے تھے اور جیسے ہی وہ سیر کے لیے نکلے تو ان پر بدمعاشوں نے گولیوں سے حملہ کر دیا۔ واقعہ انجام دینے کے بعد بدمعاش موٹر سائیکل پر سوار ہو کر موقع سے فرار ہو گئے۔ جیسے ہی واقعہ کی جانکاری آر جے ڈی لیڈر کے حامیوں کو ملی تو ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا۔ اس حملہ سے ناراض لوگوں نے سمتی پور-دربھنگہ شاہراہ کو جام کر دیا اور شور و غل کرنے لگے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولس بھی جائے واردات پر پہنچی اور معاملے کی تحقیق شروع کر دی۔ لیکن ہنوز کوئی سراغ ہاتھ نہیں لگا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بہار میں بے خوف بدمعاشوں کی دہشت لگاتار دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس سے قبل کئی تاجروں اور لیڈرں کو گولی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ یکم جنوری کو بھی نالندہ کے دیپ نگر پول تھانہ علاقہ میں آر جے ڈی کے مقامی لیڈر کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعہ سے ناراض مقامی لوگوں نے ملزم کے گھر کو نذر آتش کر دیا تھا۔ علاوہ ازیں گزشتہ سال 28 دسمبر کو ویشالی واقع جنداہا تھانہ علاقہ میں بدمعاشوں نے سابق سرپنچ اور تاجر کا گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ اس واقعہ میں تاجر کے چچا زخمی ہو گئے تھے۔

Leave a Comment