بہاراسمبلی میں ایک وزیر کے ریمارک پر تنازعہ

پٹنہ۔/24مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایوان اسمبلی میں آج نتیش کمار حکومت کو اس وقت پشیمانی اٹھانی پڑی جب ایک سینئر وزیر نے یہ متنازعہ ریمارک کیا کہ کسی مسئلہ کی تحقیقات کیلئے محکمہ ویجلنس سے رجوع کرنا گویا اسے طوالت دینے کے مترادف ہے۔ ایک بی جے پی رکن نے ضلع ویشالی میں واقع ایک کالج کے ایس سی، ایس ٹی طلباء کو اسکالر شپس کی عدم ادائیگی کے متعلق ایک سوال کیا تھا۔جس کا جواب دیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ اور بہبود درج فہرست ذاتوں وقبائل مسٹر رامجدام نے یہ ریمارک کیا۔ مہیندر بھاٹیہ نے اس معاملہ کی ویجلنس ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ متعلقہ ڈپارٹمنٹ کمشنر کی بجائے ویجلنس تحقیقات کروانے کا مطلب مسئلہ کو طوالت دینے کے مترادف ہوگا۔ جس کے ساتھ ہی اپوزیشن لیڈر کشور یادو اپنی نشست سے اٹھ کھڑے ہوگئے اور کہا کہ ویجلنس ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کے بارے میں وزیر موصوف کا تبصرہ ہی اس کی فعالیت اور غیر جانبداری کو ثابت کرتا ہے۔ انہوں نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر نتیش کمار سے مطالبہ کیا کہ ویجلنس ڈپارٹمنٹ کے بارے میں حکومت کی پالیسی پر وضاحت کریں جو کہ اس وقت ایوان میں موجود نہیں تھے۔ نند کشور یادو کے مطالبہ کی دیگر ارکان نے تائید کی تو ایوان میں حکمران اور اپوزیشن کے درمیان بحث و تکرار ہوئی تاہم وزیر ٹرانسپورٹ نے اپنے ریمارک پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ 40سال سے سیاست میں ایسے ہی نہیں گذاردیئے اور ویجلنس ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں جبکہ اسپیکر اودئے نارائن چودھری نے مداخلت کرکے اس تنازعہ کی یکسوئی کردی۔