بہادرپورہ میں ایک شخص کا بہیمانہ قتل

حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) بہادر پورہ پولیس اسٹیشن حدود میں آج صبح ایک شخص کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب 41 سالہ سید نثار حسین عرف اسد ساکن حسن نگر کو دنامہ جھونپڑی علاقہ کے قریب نا معلوم افراد نے تلواروں سے حملہ کر کے قتل کردیا ۔ اس حملہ میں نثار حسین برسر موقع ہلاک ہوگیا اور اس واردات کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ قتل کی اطلاع موصول ہونے پر بہادر پورہ پولیس کی ٹیم مقام واردات پر پہنچ کر کلوز ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرلیا اور بعدازاں نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ یہ قتل پرانی مخاصمت کا نتیجہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول کے افراد خاندان نے راجندر نگر کے روڈی شیٹر مرتضی اور ساتھیوں کے خلاف شکایت درج کرائی ہے جس پر بہادر پورہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور خاطیوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مقتول کا بھائی حیدر نے اپنے حریف گروپ کے رکن کو کنگ کوٹھی علاقہ میں قتل کردیا تھا ۔