بھینسہ کے مسلم علاقوں میں برقی میٹرس کی تنقیح

ویجیلنس عہدیداروں کے دھاوے ، مقامی عوام میں خوف و بے چینی
بھینسہ /3 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محکمہ برقی کے ویجلنس عہدیداروں کی خصوصی ٹیموں نے آج صبح بھینسہ شہر کا دورہ کرتے ہوئے شہر کے مختلف مسلم علاقوں کے برقی میٹرس کی تنقیح کی اور برقی میٹرس کے جانچ پر شک کی بنیاد پر برقی میٹرس کو ضبط کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب محکمہ برقی کے ویجلنس عہدیداران جن میں سریکانت ، شیام ، سرینواس کے علاوہ برقی ویجلنس پولیس عہدیداران اور مقامی برقی لائین مین کے ہمراہ صبح کے اوقات میں شہر کے مسلم کاروباری علاقہ مارکٹ ایریا اور آبادی والے علاقہ ذین العابدین اور بارہ امام محلہ میں برقی میٹرس کی آلہ کے ذریعہ تنقیح کی اور تنقیح کے دوران شک پائے جانے پر برقی میٹرس کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے مہر بند کردیا اور مالکین کی تمام تفصیلات درج کرلی اور ضبط کئے گئے برقی میٹرس کے بدلے نئے میٹرس نصب کئے گئے ۔ شہر کے مسلم علاقوں میں برقی ویجلنس کے اسپیشل عہدیداروں کے بڑے پیمانے پر اچانک دھاوؤں پر عوام میں زبردست خوف و بے چینی کا ماحول دیکھا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ قبل بھی اسی طرح سے شہر کے مسلم علاقہ مدینہ کالونی میں مذکورہ برقی عہدیداروں نے دھاوے کرتے ہوئے شک پر برقی میٹرس کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے مہربند کردیا اور نظام آباد میں محکمہ برقی کے آفس میں برقی میٹروں کو مالکین کے سامنے مکمل جانچ کی گئی اور برقی میٹ میں دھاندلی ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے بھاری رقومات پر مبنی جرمانہ عاد کیا گیا ۔ جس کی وجہ سے آج بھی مدینہ کالونی و مارکٹ ایریا کی عوام پریشان حال ہے ۔