رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کا تہنیتی تقریب سے خطاب
بھینسہ ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر کے مسلم وارڈوں جن میں (13) اویسی نگر ، (15) اویسی نگر اور (8) بارہ امام گلی کا رکن اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی نے دورہ کرتے ہوئے مذکورہ مسلم وارڈوں کی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے پر اظہارتشکر کیا۔ رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کے مسلم وارڈوں کے دورہ پر مسلم عوام نے مسرت کااظہار کرتے ہوئے والہانہ انداز میں استقبال کیا اور شال پوشی و گلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس اقلیتی قائدین اعجاز احمد خان ، عبدالاحد ، شیخ منیر قریشی ، فاروق احمد صدیقی ، عبدالغفار ، عبدالواسع رسول ، شیخ احمد ، عزیز قریشی ، عبدالرافع کے علاوہ جی مرلی گوڑ، رامو کرشنا ،رمیش و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر اویسی نگر کے سینکڑوں مرد و خواتین نے رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی سے محلہ کے مختلف مسائل سے واقف کرواتے ہوئے جلد از جلد بنیادی مسائل کی یکسوئی اور وارڈ نمبر (13) اور (15) کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے خواہش کی جس پر رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی نے مسلم عوام کے تمام مسائل کو نوٹ کرتے ہوئے جلد از جلد یکسوئی کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ بھینسہ شہر کی عوام بالخصوص مسلم وارڈوں کی عوام نے ٹی آر ایس پارٹی پر اعتماد کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر مجھ کو رکن اسمبلی منتخب کرتے ہوئے خدمت کاموقع فراہم کیا جس کا میں تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور بھینسہ شہر کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے ہرممکنہ اقدامات انجام دوں گا ۔ رکن اسمبلی نے کہاکہ ٹی آر ایس سربراہ تلنگانہ وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت تلنگانہ سنہرہ تلنگانہ کی جانب گامزن ہے اور تعلقہ مدہول بالخصوص بھینسہ شہر کو ترقی فراہم کرنا میرا نصب العین ہے جس کے لئے ٹی آر ایس حکومت سے بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے تعلقہ اور شہر کو سنہرہ تعلقہ اور شہر میں تبدیل کیا جائے گا ۔ اور شہر کی عوام کو تلنگانہ حکومت کی تمام اسکیمات سے مستفید کرنے کیلئے بھی لائحہ عمل تیار کیا جارہاہے اس لئے شہر کی عوام ٹی آر ایس پارٹی سے وابستگی اختیار کرتے ہوئے ہر موقع پر ٹی آر ایس مقامی قائدین کا تعاون لیکر شہر کو ترقی یافتہ بنائے ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی نے عوام سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے اظہارتشکر کیا اور مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ اس موقع پر مختلف قائدین نے بھی خطاب کیا ۔