دواخانہ پر حملہ کا شاخسانہ، ڈاکٹر کی شکایت پر عدالت کا فیصلہ
بھینسہ۔/31جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ جونیر سیول کورٹ لائزن آفیسر جی راج لنگم نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ سال 2009 میں 21 ستمبر کی شب بھینسہ شہر کے ڈاکٹر دامودھر ریڈی کے دواخانے میں شیخ شبیر نامی شخص کی علاج کے دوران موت واقع ہوگئی تھی، جس پر افراد خاندان و دیگر نے اس شب دواخانہ اور میڈیکل پر حملہ کیا تھا جس پر ڈاکٹر دامودھر ریڈی نے اس وقت کے بھینسہ سرکل انسپکٹر وینکٹیشورلو کو دواخانہ پر حملہ کرنے کی شکایت درج کروائی تھی۔ جبکہ بھینسہ رورل سرکل انسپکٹر سیتا راملو نے 34 افراد پر چارج شیٹ داخل کی تھی جس کا بھینسہ کورٹ میں جونیر سیول جج بھینسہ سی ایچ پنچا شری نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے 18 افراد کو دو سال کی جیل کی سزا اور 4150 روپئے جرمانہ عائد کیا جن میں فیض اللہ خان، محمد عامر، شیخ عرفان، محمد کلیم، نظام ، نبی قریشی، اطہر الدین، شیخ محبوب، ایوب خان، محبوب خان، شیخ زبیر، وکیل احمد، ایم اے احمد، عبدالبشیر، مزمل خاں، فاروق اختر رفیق اور جاوید احمد شامل ہیں۔ جبکہ اس مقدمہ کے مزید چھ افراد کو صرف 3150 روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا گیا۔ رہا ہونے والے افراد میں محمد امتیاز، محمد اسرار، ایم ڈی جاوید، شیخ پاشاہ، بڑا ماجد، ایم ڈی کلیم احمد شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مقدمہ کے باقی تمام افراد کو باعزت رہا کردیا گیا۔ اور جونیر سیول جج بھینسہ نے دواخانہ اور میڈیکل پر ہوئے حملہ کے ضمن میں پابجائی کیلئے 75 ہزار روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی۔ جبکہ بھینسہ اے پی او رام پرساد کی جانب سے اس مقدمہ کی پیروی کی گئی۔ ایک اور اطلاع کے مطابق بعد ازاں مذکورہ سزا یافتہ 18افراد کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی۔
موٹر سیکل سے گر کر ایک شخص ہلاک
ایک زخمی
کاغذ نگر۔/31جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تعلقہ کے گوڈمر گاؤں کو جانے والے دو نوجوان شراب پی کر گاڑی چلانے کے دوران حادثہ کا شکار ہوگئے اور موٹر سیکل تیز رفتار رہنے پر برسر موقع ایک نوجوان این رویندر عمر 22 سال جگہ پر ہی ہلاک ہوگیا۔ دوسرا زخمی ہوگیا۔ حادثہ میں شدید زخمی نوجوان کو مقامی لوگوں کی مدد سے دواخانہ منتقل کیا گیا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔