بھینسہ ۔ 27 ؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ڈیویژن کو بیر منڈل کے موضع ڈوڈریا تانڈہ میں جنگل کے کنارے مشتبہ حالت میں ایک مردہ چیتا کی نعش برآمد ہوئی جس کا محکمہ جنگلات کے عہدیداران کی جانب سے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو نذرآتش کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب کوبیر منڈل کے موضع ڈوڈرنا تانڈہ نمبر ایک سے متصل جنگل کنارے ایک چیتا کی نعش دیکھ کر کھیتوں میں کام کی غرض سے جانے والے عوام نے محکمہ پولیس کو اطلاع دی ۔ اطلاع کے ساتھ کوبیر پولیس نے موقع پرپولیس جوانوں کو روانہ کیا اور مردہ چیتا کی نعش معائنہ کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے عہدیداران کو اس واقعہ کی اطلاع دی ۔ جس پر بھینسہ فاریسٹ رینج آفیسر سامی ریڈی‘ بیٹ آفیسر محمد عرفان الدین کے علاوہ دیگر نے مقام واقعہ پہنچ کر مردہ چیتا کے نعش کا مکمل معائنہ کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ اور محکمہ حیوانات کے ڈاکٹرس پرینکا اوررانی کے ذریعہ مردہ چیتا کا پوسٹ مارٹم کرواتے ہوئے بعد پوسٹ مارٹم مردہ چیتا کی نعش کو نذرآتش کر دیا گیا ۔ اس موقع پر بھینسہ فاریسٹ رینج آفیسر سامی ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جا رہی ہے لیکن کوبیر منڈل کے موضع ڈوڈرنا تانڈہ کے قریب جنگل میں مردہ چیتا برآمد ہوا جس کی عمر تقریبا تین سال ہے جس کے موت کا مکمل زاویوں کے ساتھ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوبیر منڈل اور اطراف و اکناف جنگلی جانوں بالخصوص چیتوں کی کثیر تعداد موجود ہے واضح رہے کہ مردہ چیتا کے برآمد ہونے سے مذکورہ علاقہ کی عوام میں کافی خوف و بے چینی کا ماحول پیدا ہوگیا اور عوام خونخوار جانوروں کے خوف کا شکا رہے ۔