بھینسہ میں محبان رسولؐ نوجوانوں کی رہائی

بھینسہ ۔ /30 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں گزشتہ /18 ڈسمبر جمعہ کو چند عاشقان رسولؐ حرارتِ ایمانی کا ثبوت دیتے ہوئے بھینسہ ، تحصیلدار کو ایک یادداشت پیش کرنے کے لئے بعد نماز جمعہ شہر کے دارالعلوم جامعہ عربیہ بھینسہ سے نکلے ۔ اسی اثناء میں ہزاروں محبان رسولؐ ، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں سرشار ہوکر گستاخ رسول کے خلاف یادداشت پیش کرنے میں شامل ہوگئے ۔ جسے بھینسہ پولیس غلط فہمی کا شکار ہوکر ریالی سمجھ بیٹھی اور اس ضمن میں 17 محبان رسولؐ کے خلاف بغیر اجازت ریالی نکالنے پر کیس درج کرتے ہوئے ان (17) افراد کو بھینسہ فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کی تحویل میں پیش کیا ۔ گرفتار شدہ (17) محبان رسولؐ کی رہائی کیلئے محمد معید احمد ایڈوکیٹ صدر ویلفیر پارٹی بھینسہ ٹاون اور ڈبلیو بھیم راؤ ایڈوکیٹ نے کامیاب پیروی کرتے ہوئے رہائی کو عمل میں لایا ۔ واضح رہے کہ تمام رہا شدہ محبان رسولؐ کی ضمانتوں کیلئے عبدالجبار بنارسی ویلفیر پارٹی ٹاؤن جنرل سکریٹری اور ان کے بڑے صاحبزادے عبدالصبور بنارسی نے آگے برھتے ہوئے ملت کے نوجوانوں کے مستقبل کی فکرکرتے ہوئے جذبہ انسانیت و ہمدردانہ ملت کے تحت ضمانتیں دی ۔ عبدالجبار بنارسی کے اس جذبہ کو شہر کے کئی نوجوانوں نے کافی سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا ۔