بھینسہ۔/30 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں صبح کی اولین ساعتوں میں دو مرتبہ لمحہ کیلئے عجیب قسم کی آوازیں شدت کے ساتھ زمین سے آنے اور لمحہ کیلئے زمین ہلنے کا واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب صبح کی اولین ساعتوں چار بجے کے اوقات میں بھینسہ میں زمین کے اندرونی حصہ سے عجیب قسم کی آوازیں شدت کے ساتھ سنائی دی اور صبح چھ بجے کے اوقات میں آوازوں کے ساتھ لمحہ کیلئے زمین اور مکانات کی چھتیں ہلنے کا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے عوام بے چینی اور تجسس کے عالم میں ایک دوسرے سے اس واقعہ کو لیکر تبادلہ خیال کرتے دیکھے گئے۔ عوام کا کہنا ہے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں جو دوسری مرتبہ 6:05 کو زمین کے اندرونی حصہ سے مختصر لمحہ کیلئے عجیب قسم کی شدت کی آواز سنائی دینے کے ساتھ زمین چکرانے کا واقعہ پیش آیا ۔ ایک مختصر ہلکے زلزلہ کا جھٹکہ تھا اور زمین کے اندرونی حصہ سے کوئی بھاری شئے گذرنے کی مانند آواز ظاہر ہوئی۔ اس واقعہ کو لے کر بعد ازاں عوام مارکٹ علاقہ و دیگر علاقوں میں عوام بے چینی اور تجسس کے ساتھ ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مختلف قیاس آرائیاں کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ جبکہ موسم سرما کی شدت کی وجہ سے عوام اپنے مکانوں میں گرم رہتے ہوئے صبح تاخیر سے نیند سے بیدار ہورہے ہیں لیکن جو افراد صبح کی اولین ساعتوں میں نیند سے بیدار ہوکر اپنی مصروفیات اور عبادتوں کو ادا کرنے والے چند افراد بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے اس کوہلکا سا زلزلہ کا جھٹکہ تصور کررہے ہیں۔