بھینسہ۔/19نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تانور منڈل کے موضع ایلوی کے نوجوان شخص نے جراثیم کش دوا کا استعمال کرکے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے بموجب 24سالہ پی سائیناتھ نے جراثیم کش دوا کا استعمال کرکے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے بموجب پی سائناتھ موضع ایلوی کا اگریکلچر کولی تھا لیکن گزشتہ تین تا چار ماہ سے شراب نوشی کی عادت کی وجہ سے کام کو ترک کرنے پر گھر کے افراد کی جانب سے کام کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے پر اس شخص نے جراثیم کش دوا پی لی۔ جسے تشویشناک حالت میں افراد خاندان نے بذریعہ آٹو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل بغرض علاج منتقل کیا لیکن یہ شخص دوران علاج فوت ہوگیا۔ بھینسہ فورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں نعشوں کا پوسٹ مارٹم کرنے کہا گیا۔ بعد پوسٹ مارٹم نعش کوورثاء کے حوالے کیا گیا۔ تانور انشیشن سب انسپکٹر ایس پربھاکر راؤ نائیک نے ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔
وظیفہ نہ ملنے پر دو ضعیف افراد کی موت
کتھلا پور۔/19نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کتھلا پور کے کانگریس دور حکومت میں 200روپئے وظائف کی رقم حاصل کرنے والے ضعیف افراد ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے منظور شدہ فہرست میں اپنے نام نہ رہنے کی اطلاع پاکر دلبرداشتہ ہوگئے اور اس غم میں ان کا انتقال ہوگیا۔ منگل کے روز کتھلا پور منڈل کے امیاری پیٹ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ ارکان خاندان ، سرپنچ، ایم پی ٹی سی ممبروں کی اطلاع کے مطابق جی رامکا 68 سالہ گزشتہ کئی سال سے وظیفہ حاصل کررہے تھے تلنگانہ حکومت کی جانب سے دوبارہ درخواستیں داخل کرنے کو کہا گیا جس پر ایک ماہ قبل عہدیداروں کو درخواست دی گئی۔ عہدیداروں نے مکان کے حالات کا جائزہ لے کر رپورٹ کی۔ درخواست کی تاریخ کے بعد امیاری پیٹ میں 123 مستحق افراد کی فہرست کا اعلان کیا گیا۔ رامکا گرام پنچایت کو جانے پر فہرست میں اپنا نام نہ پاکر حکومت اور عہدیداروں کو برا بھلا کہتے ہوئے ارکان خاندان کے ساتھ گھر چلی گئی۔ شریمتی رامکا وظیفہ نہ ملنے پر غمگین ہوگئی اور اگلی صبح اس کی موت واقع ہوگئی۔ جبکہ سروے میں وظیفہ رد کئے جانے کی اطلاع پاکر ٹی ملوا 90سالہ شخص ہارٹ اٹیک سے فوت ہوگیا۔