بھینسہ۔7نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ڈی ایس پی آر گریدھر اورحیدرآباد جی ایم آر ریگزا کمپنی منیجر ستیہ نارائنا کی قیادت میں بھینسہ نرسمہا کلیان منڈپم میں سیکیورٹی گارڈس کیلئے سلکشن کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس کیمپ میں بھینسہ شہر اور اطراف و اکناف کے 150سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا جس میں تقریباً 100سے زائد امیدواروں کا سلکشن عمل میں آیا ۔ کمپنی منیجر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ اس کمپنی میں 1000سے زائد سیکیورٹی گارڈس کی ملازمتیں ہیں ۔ سلکشن کامیاب امیدواروں کو 14نومبر سے دو مہینے کیلئے ’’ہندو پورا ریلوے اسٹیشن ‘‘ اننت پور ضلع میںتربیت دی جائے گی ۔ تربیت کے دوران رہنے اور کھانے کا خرچ کمپنی کی جانب سے ادا کیا جائے گا ۔ انہوں نے امیدواروں سے کہا کہ تربیت حاصل کرنے اور ملازمت کیلئے پولیس کلیئرنس سرٹیفیکٹ ‘ میڈیکل کلیئرنس سرٹیفیکٹ ‘دسویں جماعت کے اصل اسنادات کے علاوہ افراد خاندان کے ساتھ لی گئی مکمل فوٹو اور امیدوار کے 10عدد پاسپورٹ سائز فوٹوز ساتھ لے آئے ۔ اس کیمپ میں بھینسہ سرکل انسپکٹر واسو دیو راؤ ‘رورل سب انسپکٹر روی پرساد اور کمپنی عہدیدار راج شیکھر کے علاوہ دیگر پولیس ملازمین اور امیدوار موجود تھے ۔