بھینسہ۔/20مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے اویس نگر کے 22افراد سمیت غذا سے متاثر ہوکر قئے اور دست میں مبتلاء ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب بھینسہ شہر میں گزشتہ شب ایک فنکشن ہال میں شادی کی تقریب میں بچا ہوا کھانا صبح کھانے کی وجہ سے 22 افراد بشمول معصوم بچے اورکافی متاثر ہوکر قئے اور دست کا شکار ہوگئے جنہیں بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں علاج کیلئے منتقل کیا گیا۔ متاثرہ مریضوں کے افراد خاندان کا کہنا ہے کہ ایریا ہاسپٹل میں تقریباً دو گھنٹے تک ان مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ بھینسہ شہر کا ایریا ہاسپٹل اتنا وسیع ہونے کے باوجود وقت پر خدمات کیلئے کوئی ڈاکٹر موجود نہیں تھا اور نرسیس اور کمپونڈر کو کہنے پر کافی وقت کے بعد متاثرہ مریضوں کو گلوکوز لگوایا گیا۔مریضوں کو بستر نہ ہونے کی وجہ سے کچھ مریضوں کو نیچے فرش پر ہی آرام کرنا پڑا۔ بعد ازاں گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشی ناتھ کو سماجی کارکنوں کی جانب سے فون کے ذریعہ اطلاع دینے پر ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ نے دواخانہ پہنچ کر متاثرہ مریضوں کی جانچ کی اور طبی امداد فراہم کرتے ہوئے گلوکوز اور مریضوں کو بستر کیلئے سہولیات فراہم کی۔ بعد ازاں مقامی سیاسی قائدین فیض اللہ خان رکن بلدیہ ادریس بیگ رکن بلدیہ اور حفیظ اللہ خان کے علاوہ عبدالجاوید ویلفیر پارٹی خازن نے متاثرہ مریضوں اور افراد خاندان سے تمام تفصیلات دریافت کی اور ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ تمام متاثرہ مریضوں کی صحیح طریقہ سے طبی امداد فراہم کی جائیں۔