بھینسہ میں راشن صارفین کے مکانوں کا سروے

بھینسہ۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ تحصیلدار رام موہن کی تفصیلات کے بموجب بھینسہ شہر میں گزشتہ ایک ہفتہ قبل  ویجلنس و انفورسمنٹ عہدیداروں نے دھاوے کرتے ہوئے چاول، گیہوں اور کیروسین ضبط کیا تھا۔ ویجلنس وانفورسمنٹ کے عہدیداروں نے ضلع عادل آباد کلکٹر کو ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بھینسہ شہر اور اطراف واکناف کے دیہاتوں میں راشن کارڈ صارفین کو راشن ڈیلرس مکمل اجناس و اشیاء فراہم نہ کرتے ہوئے غیر قانونی خریدو فروخت کیا جارہا ہے۔ اس رپورٹ کے پیش نظر ضلع عادل آباد جوائنٹ کلکٹر نے نرمل ریونیو ڈیویژنل کے تمام تحصیلداروں، ڈپٹی تحصیلداروں اور ضلع عادل آباد کے انفورسمنٹ ڈپٹی تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ بھینسہ منڈل کے تمام راشن دکانات کے تحت راشن صارفین کے مکانوں کا سروے کرتے ہوئے تمام تفصیلات حاصل کی جائیں اور راشن ڈیلرس کے ذریعہ حاصل ہونے والی اشیاء اور اجناس کے ریکارڈ میں درج کیا جائے۔ جس پر نرمل ڈیویژن کے تمام تحصیلدار، ڈپٹی تحصیلدار اور ضلع عادل آباد کے انفورسمنٹ ڈپٹی تحصیلداروں نے بھینسہ منڈل میں راشن صارفین کے مکانوں کے سروے کا آغاز کیا۔