بھینسہ ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بھینسہ شہر اور اطراف و اکناف میں دھوپ کی شدت کا اثر زبردست دیکھا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے عوام ٹھنڈے مشروبات کی دکانوں اور سائیبان کو تلاش کرتے ہوئے وقت گذار رہے ہیں ۔ جب کہ عوام کی اکثریت اپنے تمام مصروفیات اور خرید و فروخت کو صبح کے اوقات اور شام کے اوقات میں انجام دے رہے ہیں اور دوپہر کے اوقات میں اپنے مکانوں کا رخ کرتے ہوئے آرام کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ کیوں کہ چلچلاتی دھوپ کی شدت کی وجہ سے دوپہر کے اوقات میں سڑکوں پر آگ کی مانند گرمی کا احساس ہورہا ہے ۔ جس کی وجہ سے دوپہر کے اوقات میں سڑکیں ، سنسان ہو کر کرفیو کا منظر بیان کررہی ہے ۔ موسم گرما کی شدت کی وجہ سے انسان کے علاوہ دیگر جاندار چرند و پرند بھی بے چین دیکھائی دے رہے ہیں اور ٹھنڈے پانی کا کافی استعمال کررہے ہیں اور سائیبان کو تلاش کررہے ہیں ۔ بھینسہ شہر اور اطراف و اکناف میں دھوپ کی شدت کی وجہ سے درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری کے درمیان محسوس کیا جارہا ہے ۔۔