بھینسہ۔/28 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں بی جے پی اور بی جے وائی ایم (BJYM) قائدین نے بی جے پی ضلعی صدر ڈاکٹر رما دیوی کی قیادت میں احتجاج منظم کرتے ہوئے بھینسہ ۔ نرمل چوراہے پر تلنگانہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راو کا علامتی پتلہ نذر آتش کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر بی جے پی ڈاکٹر رما دیوی نے میڈیاسے کہا کہ گزشتہ روز عادل آباد مستقر پر منعقدہ پروگرام میں تلنگانہ و زیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی تقریر کے دوران ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بدکلامی کی ایک چیف منسٹر کا ملک کے وزیر اعظم کے بارے میں اس طرح کے نازیبا الفاظ کا استعمال کرنا انتہائی افسوس و شرمندگی کی بات ہے۔ اس احتجاج میں بی جے پی ٹاؤن صدر ٹی روی، بی جے پی اقلیتی سیل ضلعی صدر محمد آصف، بی جے وائی ایم ضلع قائد ٹی سائیناتھ کے علاوہ بی جے پی قائدین نظام، وینوگوپال، بالاجی، ستروے، گوپال ساڈا و دیگر موجود تھے۔ احتجاج کے پیش نظر بھینسہ پولیس نے مقام احتجاج پہنچ کر تمام بی جے پی قائدین کو منتشر کرتے ہوئے احتجاج ختم کروایا۔