دوبئی 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر بھونیشور کمار کو آج ایل جی پیپلز چوائس ایوارڈ دیا گیا ہے جنھوں نے اِس ایوارڈ کے لئے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اور آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل جانسن کو شکست دی ہے۔ علاوہ ازیں انگلینڈ کی خاتون ٹیم کی کپتان چارلوڈ اڈورڈس اور سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز بھی نامزد کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ بھونیشور کمار یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے دنیا کے چوتھے اور ہندوستان کے تیسرے کھلاڑی ہیں جبکہ 2010 ء میں سچن تنڈولکر اورگزشتہ برس ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ علاوہ ازیں سری لنکا کے کمارا سنگاکارا نے یکے بعد دیگرے دو مرتبہ 2011 ء اور 2012 ء میں یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے بھونیشور کمار نے کہاکہ ایل جی پیپلز چوائس ایوارڈ کے حصول پر وہ خوش ہیں اور اُن تمام افراد سے اظہار تشکر کرتے ہیں جنھوں نے اِنھیں ایوارڈ دلوانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ شائقین کی حمایت کے بغیر یہ ایوارڈ حاصل کرنا مشکل تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بھونیشور کمار کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ وہ آج جس مقام پر ہے وہ والدین اور کوچس کی وجہ سے ہے۔ علاوہ ازیں وہ ساتھی کھلاڑیوں سے بھی اظہار تشکر کرتے ہیں جنھوں نے اِن کی حوصلہ افزائی کی ہے۔