ساوتھمپٹن ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بولر بھونیشور کمار کے پیر میں سوجن آچکی ہے جوکہ 7 اگست کو اولڈ ٹریفورڈ میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے چوتھے ٹسٹ سے قبل ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ لارڈس ٹسٹ میں ٹیم کو تاریخی کامیابی دلوانے والے دراز قد فاسٹ بولر ایشانت شرما پہلے ہی چوتھے ٹسٹ سے بھی باہر ہوچکے ہیں اور اب بھونیشور کمار کے زخمی ہونے کے بعد مہیندر سنگھ دھونی اور ٹیم کے کوچ ڈنکن فلیچر کیلئے مسائل میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ ایشانت اور کمار نے یہاں منعقدہ فٹبال سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے بھونیشور نے سیریز کے تین مقابلوں میں تاحال 124.5 اوورس کی بولنگ کرتے ہوئے 15 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 228 رنز اسکور کئے ہیں جوکہ ٹیم کیلئے بولنگ اور بیٹنگ شعبہ میں بہتر مظاہرہ رہا۔