بھونگیر کے دورہ پر آئے ٹی آر ایس قائدین کا بیان

ریاستی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ

بھونگیر /7 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس حکومت کی فلاحی اسکیمات آسرا، معذورین کے لئے پنشن، شادی مبارک وغیرہ اسکیم کے لئے شعوری بیدار اور ان اسکیمات کے تعلق سے عوامی رائے کو جاننے کے لئے ریاستی ٹی آر ایس قائدین منور خاں، کے ایس عاقل، سید عابد حسین اور دیگر نے بھونگیر کا دورہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت ریاست کی ترقی اور تلنگانہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کافی سنجیدہ ہے۔ سابق حکومتوں کی جانبداری کے سبب علاقہ تلنگانہ کافی پیچھے ہو گیا تھا۔ وسائل ہونے کے باوجود آبی پراجکٹس، برقی، روزگار اور دیگر محاذ پر علاقہ تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کرتے ہوئے ہمارے وسائل کا بے جا استعمال کیا گیا۔ اس ناانصافی اور حق تلفی سے سب سے بڑا نقصان اقلیتوں کو ہوا۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کے سی آر حکومت نے معذورین اور ضعیف العمر افراد وغیرہ کے لئے پنشن کی سعی کر رہی ہے، جس کا عوام میں اچھا ردعمل ظاہر ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت 51 ہزار روپئے لڑکی والوں کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچائے بغیر دی جانے والی امداد سے ریاست کے عوام کافی مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین تنقیدوں پر اپنی توانائی ضائع کرنے کی بجائے اپنا محاسبہ کریں تو بہتر ہے۔ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ سرکاری اراضیات پر قبضہ جات، اوقافی اراضیات پر قبضہ، بھودان زمینات پر قبضہ کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اقلیتوں کے ساتھ ناانصافیاں کانگریس اور ٹی ڈی پی دور کے سیاہ کرتوت ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے ان جماعتوں کو انتخابات میں مسترد کردیا، لہذا انھیں اپنا محاسبہ کرنا چاہئے، جب کہ عوام نوتشکیل ریاست کو ملک کی مثالی ریاست بنانے کے لئے کے سی آر اور ٹی آر ایس پر اپنے اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل ضرور کرے گی۔ وعدہ کے مطابق غریب اور مستحق افراد کو وظائف دیئے جائیں گے، جس کے لئے ٹی آر ایس حکومت متعدد بار اعلان کرچکی ہے۔ انھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر کسی وجہ سے کسی مستحق کا نام لسٹ میں نہ ہو تو عہدہ داروں کو فوراً مطلع کریں۔ اس موقع پر وفد نے موضع گڈور میں کئے گئے وقف اور ریونیو سروے کے بارے میں معلومات حاصل کی۔