بھونگیر میں ٹرانسکو انجینئر رنگے ہاتھوں گرفتار

رشوت ستانی معاملہ
سابق بلس اور مزید ترقیاتی کاموں کی منظوری کیلئے کنٹراکٹرسے رقم طلب کرنے پر کارروائی

بھونگیر۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یادادری بھونگیر سرکل کے بھونگیر ڈیویژن کے الکٹریسٹی ڈیویژنل انجینئر بی درگا راؤ کو اے سی بی عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ واقعات کے بموجب حیدرآباد سرور نگر پولیس اسٹیشن حدود کے علاقہ میں واقع گرین پارک کالونی میں اے سی بی نے دھاوے کئے ۔ گتہ دار بھاسکر راؤ سے 8 لاکھ روپئے کے بلز پاس کرنے کیلئے بھونگیر الکٹریکل ڈی ای بی درگا راؤ 50ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ حیدرآباد اور بھونگیر آفس میں دھاوے اور تحقیقات جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھونگیر ڈیویژن کے راجہ پیٹ منڈل میں برقی کھمبوں کی تنصیب وغیرہ کے سابقہ بلوں کی منظوری کے علاوہ مزید 10کاموں کی منظوری سے متعلق جانبداری کیلئے محکمہ برقی کے ڈیویژنل انجینئر درگاراؤ نے گتہ دار بھاسکر راؤ سے ایک لاکھ روپئے رشوت طلب کی۔ گتہ دار نے گزشتہ ماہ30 تاریخ کو پہلی قسط 54 ہزار روپئے دینے کے باوجود اس کا کام نہ ہونے کے سبب دلبرداشتہ ہوکر دوسری قسط کے 50 ہزار روپئے کی ادائیگی سے پہلے اے سی بی سے رجوع ہوگیا۔ اے سی بی نے جال بچھاکر کرمن گھاٹ علاقے کی گرین پارک کالونی میں واقع ان کے مکان پر آج صبح گتہ دار بھاسکر راؤ سے 50 ہزار روپئے قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اے سی بی ڈی ایس پی اچیشور راؤ کے مطابق قانون کے مطابق مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ڈی ای کے حیدرآباد کے مکان کے علاوہ بھونگیر کے آفس میں بھی دھاوے کئے گئے۔ اس کارروائی میں انسپکٹرس جگن موہن ریڈی، ہنمنت راؤ وغیرہ نے حصہ لیا۔