بھوانی نگر میں خسر کے ہاتھوں داما دکا قتل ‘بہن کی ولیمہ تقریب ‘ شادی خانہ میں حملہ

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بھوانی نگر میں رات دیر گئے پیش آئے سنسنی خیز واقعہ میں خسر نے داماد کا بیہمانہ طور پر قتل کردیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھوانی نگر تالاب کٹہ ، امان نگر بی میں منعقدہ ولیمہ کی تقریب میں خاطیوں نے یہ واردات انجام دی۔ تفصیلات کے بموجب 30 سالہ محمد احمد ساکن یاقوت پورہ پیشہ سے پارچہ تاجر تھا۔ اس کی مخاصمت سسرالی رشتہ داروں سے چل رہی تھی جس کے سبب اس نے خسر اور دیگر سسرالی رشتہ داروں سے دوری اختیار کرلی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد احمد اور اس کے خسر محمد سراج الدین کے درمیان شادی میں دیئے گئے طلائی زیورات اور رقم کے سلسلہ میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔ مقتول نے اپنے چچا زاد برادر نسبتی کے خلاف رین بازار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس میں خنجر اور دیگر ہتھیار رکھنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ پولیس نے مقتول کی درخواست کو عدم شواہد کی دستیابی پر خارج کردیا تھا ۔  پولیس میں کارروائی کرنے کے بعد محمد احمد اور اس کے سسرالی رشتہ داروں کے درمیان مخاصمت میں شدت پیدا ہوگئی تھی اور سراج الدین اور اس کے دیگر رشتہ داروں نے داماد کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد احمد کی بہن کا ولیمہ تقریب ہدایت فنکشن ہال امان نگر میں منعقد ہوئی تھی اور مقتول کی موجودگی کی اطلاع پر محمد سراج الدین ، نصیرالدین ، جمیل الدین اور تاج الدین نے اسے نشانہ بناتے ہوئے شادی خانہ کی گیٹ کے قرب خنجر سے حملہ کردیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا جبکہ دو بھائی مکرم اور ارشد بھی زخمی ہوگئے۔ احمد کو مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ رات دیر گئے قتل کی واردات کے بعد بھوانی نگر علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور بھوانی نگر پولیس انسپکٹر مسٹر سرینواس راؤ مقام واردات پر اپنی ٹیم کے ہمراہ پہنچ گئے۔ پولیس نے خاطیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری حراست میں لے لیا جہاں پر ان کی تفتیش جاری ہے۔ بھوانی نگر پولیس نے محمد احمد کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔