بھوانی نگر میں ایک شخص کا بے رحمانہ قتل

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے علاقہ بھوانی نگر میں ایک شخص کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ نامعلوم افراد نے بے رحمی سے قتل کرنے کے بعد اس شخص کی نعش کو ریلوے پٹریوں کے قریب سنسان مقام پر پھینک دیا اور فرار اختیار کرلی ۔ انسپکٹر بھوانی نگر مسٹر بی سرینواس راو نے بتایا کہ 30 سالہ کریم بن سالم جو سالم چوک بھوانی نگر علاقہ کا ساکن تھا کل رات اپنے مکان سے تقریبا 8 بجے نکلا تھا جو واپس نہیں پہونچا ۔ سالم پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا ۔ اس پر نامعلوم افراد نے پہلے چاقو سے حملہ کردیا پھر بعد میں اس پر وزنی پتھر ڈال کر اس کا قتل کردیا ۔ سالم دو مقدمات میں ملوث تھا ۔

اور سال 2010 میں اس کا جھگڑا ایک صابر نامی شخص سے ہوا تھا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ سالم اور اس کے والد و دیگر نے صابر پر حملہ کیا تھا اور پولیس کو شبہ ہے کہ اس حملہ کا بدلہ لینے کے لیے سالم کا قتل کیا گیا ہوگا تاہم پولیس اس زاویہ سے صرف شبہ ظاہر کررہی ہے ۔ اور قطعی طور پر فی الحال کوئی نتیجہ پر نہیں پہونچی کہ آیا کریم بن سالم کا قتل کسی نے کیا اور کون کون اس میں ملوث تھے اور کیا سازش اور وجہ اس قتل کے پیچھے کارفرما ہوسکتی ہے ۔ پولیس انسپکٹر کا کہنا ہے کہ چونکہ اس علاقہ میں خمار بازی کے کافی ٹھکانے ہیں ہوسکتا ہے کہ کسی اور وجہ سے بھی قتل ہوا ہوگا ۔ انسپکٹر بھوانی نگر مسٹر بی سرینواس راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت جلد قاتلوں کو گرفتار کرلیا جائے گا اور پولیس اس ضمن میں مصروف تحقیقات ہے ۔۔