جنسی ہراسانی اور گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی مدد۔ شریمتی سواتی لکرا کا بیان
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جنسی ہراسانی و استحصال کے شکار خواتین اور کم عمر بچوں کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے قائم کئے گئے بھروسہ سنٹر کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ حیدرآباد ہائی کورٹ نے بھروسہ سنٹر سے رجوع ہونے والے متاثرین کے مقدمات کیلئے’’ پوسکو ایکٹ خصوصی کورٹ‘‘ قائم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی سواتی لکرا نے بتایا کہ 7 مئی 2016 کو بھروسہ سنٹر قائم کیا گیا تھا اور اس سنٹر کے ذریعہ عصمت ریزی، گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کا شکار کم عمر بچوں کو فی الفور مدد فراہم کی جاتی ہے۔ بھروسہ سنٹر ملک میں پہلا ایسا سنٹر ہے جہاں پر ماہرین نفسیات کے ذریعہ متاثرین کی کونسلنگ، قانونی امداد، طبی مدد فراہم کی جاتی ہے اور خواتین پولیس عہدیداروں کو اس سنٹر میں خصوصی طور پر متعین کیا گیا ہے۔ اتنا ہی نہیں جنسی استحصال کے متاثرین کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں بیان بھی قلمبند کیا جاتا ہے۔ شریمتی لکرا نے کہا کہ بھروسہ سنٹر کے قیام سے اب تک 2900 متاثرین کی مدد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسکو ایکٹ کے کیسس کی فی الفور یکسوئی کی جاتی ہے۔ اس خصوصی کورٹ میں دوستانہ ماحول میں کم عمر متاثرین کا بیان قلمبند کیا جائے گا تاکہ وہ بے خوف ہوکر جج اور وکلاء کو اپنا بیان قلمبند کراسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوصی عدالت میں کم عمر متاثرین کے بیان کو قلمبند کئے جانے پر انہیں منظر عام پر نہیں لایا جائے گا اور ان متاثرین کا داخلہ بھی مخفی رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل کرائم اسٹیشن مسٹر ایم اے باری بھی اس پریس کانفرنس میں موجود تھے۔