پٹنہ /16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مودی کی لہر پر بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کو بہار میں شاندار کامیابی ملی ہے، لیکن بی جے پی کے مسلم ترجمان لیڈر شاہ نواز حسین کو بھاگلپور حلقہ سے آر جے ڈی امیدوار نے 9,485 ووٹوں سے شکست دے دی۔ آر جے ڈی لیڈر سیلیش کمار عرف بلو منڈل کو 3,67,623 ووٹ ملے، جب کہ شاہ نواز حسین کو 3,58,138 ووٹ حاصل ہوئے۔
ملک کو متحد رکھنا ہے: آر ایس ایس کی بی جے پی کو ہدایت
نئی دہلی۔/16مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس نے آج بی جے پی کو ایک ایسا پیغام دیا ہے جس کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی۔ اب جبکہ بی جے پی مرکز میں اقتدار حاصل کرنے ہی والی ہے، جہاں نریندر مودی ملک کے نئے وزیر اعظم ہوں گے وہیں آر ایس ایس نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ نظریاتی ، مذہبی اور سماجی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک میں ایسا ماحول پیدا کرے جو ملک کو متحد رکھ سکے۔ آر ایس ایس کے سینئر لیڈر سریش بھیا جوشی نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ اب انہیں توقع ہے کہ ہر کوئی ملک کے لئے تعمیری رول ادا کرے گا تاکہ ملک میں حالات معمول کے مطابق مثبت نوعیت اختیارکرلیں اور یہی ماحول ملک کے مفاد کیلئے بہتر ہوگا۔ یاد رہے کہ بی جے پی کو کانگریس اور دیگر پارٹیوں کی جانب سے ہمیشہ تنقیدوں کا سامنا رہا۔ جہاں کانگریس نے بی جے پی پر یہ الزام لگایا کہ پارٹی ملک کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کوشاں ہیں اور مسلمانوں اور دیگر فرقوں کے مفاد کو نظرانداز کررہی ہے۔