بگ تھری، آئی سی سی کا آج سنگاپور میں اہم اجلاس

سنگاپور۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان آئی سی سی میں ایک مضبوط طاقت بن جائے گا اور اسے اس طاقت کے حصول کیلئے صرف ایک ووٹ درکار ہے۔ جیسا کہ کل یہاں سنگاپور میں بگ تھری کے معاملہ پر آئی سی سی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہورہا ہے حالانکہ مجوزہ بگ تھری کے منصوبہ کی پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا شدید مخالفت کررہے ہیں۔ آئی سی سی کا جو منصوبہ بگ تھری کے نام سے بنایا گیا ہے اسے تنقیدوں کا سامنا ہے کیونکہ اس کی منظوری کے بعد دنیائے کرکٹ کے اہم ادارے آئی سی سی میں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو طاقتور موقف حاصل ہوجائے گا۔ دریں اثناء پاکستان سری لنکا اور جنوبی افریقہ نے آئی سی سی کے مجوزہ بگ تھری منصوبہ کی شدید مخالفت کی ہے

کیونکہ ان ممالک کا ماننا ہیکہ اس منصوبہ کی عمل آوری کے بعد 3 بڑے ممالک ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو طاقت کے علاوہ مالیاتی فوائد بھی حاصل ہوجائیں گے لیکن بی سی سی آئی کے صدر این سرینواسن نے آئی سی سی کے مجوزہ بگ تھری منصوبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور ہندوستان دنیائے کرکٹ کیلئے بہتر ہوگا اور آئی سی سی کے رکن ممالک کیلئے بھی اس سے فائدہ پہنچے گا۔ گذشتہ ماہ دبئی میں اس مسئلہ پر آئی سی سی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا تھا لیکن رکن ممالک کے درمیان اختلاف رائے کی وجہ سے قطعی فیصلہ ممکن نہ ہوسکا تھا۔