زور زبردستی پر قانونی کارروائی، ڈی ایس پی سوریہ پیٹ کا انتباہ
سوریا پیٹ /21 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمانوں کی دوسری بڑی عید، عید الاضحی ہے، جس کے لئے زیادہ دن باقی نہیں رہے۔ اس عید میں مسلمان بڑے اہتمام سے مقدس فریضہ قربانی انجام دیتے ہیں۔ فرقہ پرست عناصر وشوا ہندو پریشد، آر ایس ایس اور اے بی وی پی کے کارکنوں نے شرانگیزی شروع کردی اور جانور منتقل کرنے والی گاڑیوں کو روک کر ہراساں کیا جا رہا ہے اور پولیس بھی سختی کے ساتھ پیش آرہی ہے۔ ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں منعقدہ وی ایچ پی، آر ایس ایس، اے بی وی پی اور قصابوں کے اجلاس میں ڈی ایس پی شراون کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذبیحہ گاؤ پر پابندی ہے، جس کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے وی ایچ پی اور آر ایس ایس کارکنوں کو انتباہ دیا کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں، جانوروں کی منتقلی کی اطلاع پولیس کو دیں۔ پولیس کے سخت رویہ اور ہندو تنظیموں کے کارکنوں کی ہراسانی کی وجہ سے قربانی کے مسئلہ پر مسلمانوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ سال گزشتہ بھی پولیس جانوروں کو ضبط کرنے والی تھی، لیکن سابق رکن اسمبلی دامودھر ریڈی کی مداخلت کے بعد پولیس نے کارروائی نہیں کی اور مسلمانوں نے اطمینان سے قربانی کا فریضہ انجام دیا۔ اس مسئلہ پر گفتگو کے لئے نمائندہ سیاست نے رکن اسمبلی و ریاستی وزیر تعلیم جگدیش ریڈی سے فون پر ربط کیا تو انھوں نے بتایا کہ وہ بیرون ریاست سفر پر ہیں، واپسی کے بعد اس مسئلہ کے حل کا تیقن دیا۔