کراچی ۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے کوشاں جائلز کلارک نے امید ظاہر کی ہے کہ کرکٹ بحال ہوگی اور جلد ہی دنیا کی بڑی ٹیمیں دورہ کریں گی۔جائلز جو یہاں پی ایس ایل کا فائنل دیکھ رہے تھے انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ کراچی میں پاکستان سوپرلیگ تھری کے کامیاب انعقاد سے یہاں بین الاقوامی کرکٹ کی راہیں ہموار ہوگئیں ۔ پاکستان کا بین الاقوامی کرکٹ میں اہم مقام ہے تاہم بدقسمتی سے یہاں دہشت گردی کے مسلسل واقعات کے باعث کرکٹ نہیں ہو رہی تھی،اب امید ہے کہ کرکٹ بحال ہوگی اور جلد ہی دنیا کی بڑی ٹیمیں دورہ کریں گی۔آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ نے کہا کہ ویسٹ انڈیزکا دورۂ پاکستان اہمیت کا حامل ہوگا،کامیاب انعقاد سے پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام جائے گا۔