بچکنڈہ اردو اسکول کے پاس گندگی سے طلبہ کو مشکلات

بچکنڈہ ۔ 26 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر بچکنڈہ کے گورنمنٹ اردو میڈیم ہائی اسکول کے عقب میں صفائی کے ناقص انتظامات سے طلبہ کو مشکلات ہورہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بچکنڈہ شہر کے دو کلو میٹر کے فاصلے پر اردو میڈیم اسکول کی تعمیر کی گئی ہے روزانہ طلباء و طالبات صبح کے اوقات میں اسکول جاتے وقت اسکول کے راستے میں گندگی دیکھی جاتی ہے ۔ طلبہ و طالبات و اساتذہ کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ لیکن گرام پنچایت عہدیدار اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ اسکول ہیڈماسٹر جی راجیشور ریڈی نے نمائندگی کرتے ہوئے سرپنچ کو واقف کروایا ۔ سرپنچ مسٹر رنویر کالے نے گرام پنچایت عہدیداروں کو فوری صفائی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ لیکن ایک سال کا عرصہ گذر چکا ہے آج بھی وہی حالات دیکھی جارہی ہے ۔ اردو میڈیم اسکول کے بجائے دوسرا کوئی اسکول ہوتا تو متعلقہ عہدیدار فوری صفائی انتظامات پر توجہ دیتے ۔ لیکن اردو میڈیم اسکول ہونے کی بناء پر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔اولیاء طلباء اسکول چیرمین ڈاکٹر ناصر خان شیخ حسین شیخ مقیت ، شیخ ابرار اور دیگر عوام نے گرام پنچایت عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ فوری اس محلے میں پہنچ کر گندگی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کریں ۔