بچوں کے طلائی چین و رقم سرقہ کرنے والا سارق گرفتار

حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے توجہ ہٹاکر اسکولی بچوں کے طلائی چین اور نقد رقومات کا سرقہ کرنے والے ایک عادی سارق کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 29 سالہ شیخ اسمعیل متوطن ضلع عثمان آباد مہاراشٹرا اکثر کالونیوں اور شہر کے دیگر علاقوں میں گھومتے ہوئے اسکول جانے والے تنہا بچوں کو روک کر ان کی توجہ ہٹایا کرتا تھا اور یہ ظاہر کرتا تھا کہ وہ ان کے باپ کا دوست ہے اور ان کے طلائی زیورات کی تبدیلی کیلئے اسے بھیجا گیا ہے۔ اسکولی بچوں بالخصوص لڑکیوں کے طلائی چین، پازیب وغیرہ حاصل کرتے ہوئے وہاں سے فرار ہوجایا کرتا تھا۔ انجنی کمار نے کہاکہ شیخ اسمعیل نے حیدرآباد و سائبر آباد کے علاقوں میں9 سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھیں اور اس کے خلاف سابق میں بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے گرفتار سارق کے قبضہ سے 50گرام سونا اور 500 گرام چاندی کے مسروقہ زیورات برآمد کرلئے۔ گرفتار سارق کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔