بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کی کوشش

مدن پلی میں شعور بیداری اجلاس سے جسٹس وجئے کا خطاب

مدن پلی۔7 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کے واقعات ہر دن اخبار کی سرخیاں بنی ہوئی ہیں۔ اس کی روک تھام کے لیے قانونی عملہ ہر جگہ اجلاس منعقد کرکے شعور بیدار کررہے ہیں۔ اسی کڑی کے تحت شہر مدن پلی کے سکنڈ ایڈیشنل جج کے وی مہالکشمی کی ہدایات پر میونسپل اردو ہائی اسکول مدن پلی میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اسکول کے طلباء اساتذہ اور والدین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جسٹس وجئے بابو نے کہا کہ قانون نے جنسی استحصال کے خاطیوں کو سخت سزا مقرر کی ہے جس کے تحت جنسی استحصال کرنے والوں کو سزائے قید دی جائے گی۔ بچوں کو بھی انہوں نے ہدایت دی کہ وہ سینما اور ٹی وی کے جھانسے میں نہ پھنسے اور خوب پڑھائی کریں۔ ترقی کریں اعلی تعلیم حاصل کرکے اپنے والدین اساتذہ اور اسکول کا نام روشن کریں۔ انہوں نے اساتذہ اور طلباء کے والدین سے بھی گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کریں اور ان کے ساتھ اچھا رشتہ قائم کریں تاکہ وہ اپنے دل کی بات اور جنسی استحصال جیسے تکالیف کو سناسکیں۔ اس موقع پر ون ٹائون کے سب انسپکٹر اقبال احمد اور اردو ہائی اسکول کے صدر مدرس شاہ جہان صاحب اساتذہ شریک رہے۔